برطانیہ میں رواں سیزن کے پہلے طوفان آسٹن کے پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے پیشِ نظر جنوبی انگلینڈ، جنوب مغربی علاقوں اور جنوبی ویلز میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے زرد موسمی انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 60 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ کھلے ساحلی مقامات پر تیز جھکڑ 70 میل فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتے ہیں۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق طوفان آسٹن جمعرات کو برطانیہ کے جنوب مغربی حصے کے قریب پہنچ سکتا ہے جس کے بعد جمعے کو اس کے مغرب سے مشرق کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ اس دوران متاثرہ علاقوں میں 20 سے 30 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق جمعے کے آخری حصے میں ہواؤں کی شدت میں بتدریج کمی آ سکتی ہے تاہم خراب موسم کا سلسلہ مکمل طور پر ختم ہونے کا امکان نہیں۔ ہفتے کے اختتام اور آئندہ ہفتے کے آغاز میں بھی مختلف علاقوں میں بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
متوقع خراب موسم کے پیشِ نظر حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتِ حال اور سرکاری انتباہات سے باخبر رہیں۔ اس کے علاوہ سفر شروع کرنے سے پہلے سڑکوں، ریل سروس اور دیگر ذرائع آمدورفت کی صورتِ حال معلوم کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
تیز ہواؤں اور بارش کے دوران بالخصوص ساحلی اور کھلے علاقوں میں سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ خراب موسم کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








