اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا جس میں کچھ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور چند کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 35 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔
پیٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے عوام پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے رزمرہ زندگی کی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔
حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3روپے 85 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 255روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ واضح رہے کہ ڈیزل خاص طور پر ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں میں زیادہ استعمال ہوتا ہے۔
وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 48 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جس سے مٹی کے تیل کی نئی قیمت 161 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔ مٹی کا تیل زیادہ تر کم آمدنی والے طبقے کے افراد استعمال کرتے ہیں جنہیں معمولی ریلیف حاصل ہوگا۔