تین ملکی کرکٹ سیریز آج سے شروع ہورہی ہے، پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے میچ سے قبل ہی نیوزی لینڈ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، ٹیم کے اہم فاسٹ بولر زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی آئی ایل ٹی 20 لیگ میں شریک اہم کیوی فاسٹ بولر لوکی فرگوسن چیمپیئنز ٹرافی اور سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ سے قبل ہی ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے، جو آئی ایل ٹی 20 لیگ میں ڈیزرٹ وائپرز کی ٹیم میں شامل تھے۔
ہمسٹرنگ انجری کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کی سہ ملکی سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے، کیوی حکام لوکی فرگوسن کی میڈیکل رپورٹ کے منتظر ہیں جس کے بعد فاسٹ بولر کو چیمپینز ٹرافی اسکواڈ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کے متعلق اہم فیصلہ متوقع ہے۔
کوالیفائر 1 کے دوران لوکی فرگوسن ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرنے کے باوجود اپنے کوٹے کے 4 اوورز نہ کروا سکے، اور ہیمسٹرنگ انجری کے باعث لنگڑاتے ہوئے میدان چھوڑنے پرمجبور ہوگئے۔ ہیڈ کوچ نیوزی لینڈ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ لوکی فرگوسن کی شمولیت کیلئے میڈیکل رپورٹس کے منتظر ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی لوکی فرگوسن کو اسکواڈ میں شامل کیاجاسکے گا، تاہم ان کی عدم شرکت کیوی ٹیم کیلئے بڑے دھچکے سے کم نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ ٹم ساؤتھی کی ریٹائرمنٹ کے بعد لوکی فرگوسن کی ٹیم میں اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔