میڈیا میں کس طرح سے آئیں اور سیلیبرٹی شیف کیسے بنیں؟شازیہ نور سے خصوصی گفتگو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

میڈیا میں کس طرح سے آئیں اور سیلیبرٹی شیف کیسے بنیں؟شازیہ نور سے خصوصی گفتگو
میڈیا میں کس طرح سے آئیں اور سیلیبرٹی شیف کیسے بنیں؟شازیہ نور سے خصوصی گفتگو

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

عمدہ اور لذیذ کھانے کس کو پسند نہیں ہوتے، ہر کسی کو شوق ہوتا ہے کہ وہ لذیذ کھانے کھائے اور اُن کو بنائے بھی۔ اسی لئے ملک میں ایسے کورسز کی کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے جہاں پر شیف کورسز کرائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی عوام کی بڑی تعداد ایسے پروگرامز کو بھی پسند کرتی ہے جو کہ کوکنگ پر مبنی ہوتے ہیں۔

شیف شازیہ نور کا بھی ایک ایسا نام ہے جو کہ بہت مقبول ہے اور اُن کے بنائے ہوئے کھانوں اور پریزنٹیشن کی تعریف کے ساتھ ساتھ اُن کو پسند بھی بہت کیا جاتا ہے۔

اس ہفتے ایم ایم نیوز نے سیلیبریٹی شیف، شازیہ نورکے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ایم ایم نیوز:  شازیہ آپ کو شیف بننے کا خیال کیسے آیا؟

شازیہ نور:  مجھے بچپن سے ہی کھانے بنانے کا شوق تھا، میرے پاس کھلونوں میں بھی بہت سارے برتن تھے، میں اُن سے بیٹھ کر کھیلتی  رہتی تھی، کچھ نہ کچھ اُن کی مدد سے بناتی رہتی تھی اور پھر میرا شوق ہی میرا پروفیشن بن گیا۔ وہ کہتے ہیں نہ کہ جہاں چاہ ہوتی ہے وہاں پر راہ خودبخود نکل آتی ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ نے زندگی میں سب سے پہلی ‘ڈش’ کیا بنائی تھی اور اس وقت آپ کی عمر کیا تھی؟

شازیہ نور:  میں نے 12 سال کی عمر میں پہلی ڈش بنائی تھی اوروہ ‘بریانی’ تھی۔

ایم ایم نیوز:  آپ کے ساتھ لائیو شو کے دوران کبھی کچھ ایسا ہوا ہے، جس کو سنبھالنا آپ کیلیئے مشکل ہوگیا ہو؟

شازیہ نور: الحمداللہ، تقریبا ایک سال ہوگیا ہے، مصالحہ ٹی وی پر مگر آج تک ایسا کچھ نہیں ہوا۔

ایم ایم نیوز: شازیہ، آپ کے لائیو شو کے دوران کبھی کچھ ایسا ہوا ہے، جس نے آپ کو کنفیوز کردیا ہو، کہ یہ کیا ہوگیا ہے؟

شازیہ نور: نہیں، ایسا ہوا تو نہیں، کیونکہ میرے شو میں ہوسٹ بھی ہوتی ہیں تو زیادہ تر تو وہی بات کرتی ہیں، مجھ سے تو بس یہی معلوم کرتے ہیں کہ ہم سے یہ ریسیپی مس ہوگئی ہے اور ویسے میں کبھی کبھار یہ سوچتی ہوں کہ اگر کبھی ایسا ہوا تو میرا کیا دعمل ہوگا۔

ایم ایم نیوز: کیا آپ سے کبھی کھانا جلا ہے؟

شازیہ نور: نہیں، جلا تو نہیں ہے، ہاں البتہ ایک دفعہ لائیو شو کے دوران میرا ‘ڈو’ رائز نہیں ہوا تھا لیکن ہم نے اُس کو کووراپ کردیا تھا۔

ایم ایم نیوز: اگر کبھی کھانے میں نمک تیز ہوجائے تو آپ اُس کو کیسے کم کرتی ہیں؟

شازیہ نور: میں ہمیشہ کوشش کرتی ہوں کہ کھانوں میں نمک کم ڈالوں مگر کبھی تیز ہوجاتا ہے تو اُس کو کم کرنا مجھے آتا ہے اوراگر کبھی آپ میں سے کسی سے نمک تیز ہوجائے تو یاد رکھیں کہ کھانوں میں آٹے کی گولی بنا کر ڈالنے سے نمک کم ہوجاتا ہے۔

ایم ایم نیوز: میڈیا میں کس طرح سے آئیں اور پھر سیلیبرٹی شیف کیسے بنیں، کیسے ہوا سب؟

شازیہ نور: مجھے شوق تھا اور 2018 میں ایک کامپیٹیشن میں بھی حصہ لیا تھا جس میں فرسٹ آئی تھی، ایک بات اور کہ کامپیٹیشن کے وقت میں نے شیف کا کورس بھی نہیں کیا ہوا تھا، اس کامپیٹینشن کے بعد کورس کیا اور پھر میں میڈیا میں آئی۔

ایم ایم نیوز: آپ کا شیف کا کورس کتنے سال کا تھا؟

شازیہ نور:  یہ ڈپلومہ ایک سال کا  تھا اور اس میں ہر طرح کے دیسی اور کانٹیننٹل کھانے شامل تھے۔

ایم ایم نیوز:  آپ کا پسندیدہ شیف کونسا ہے جو کہ آپ کا رول ماڈل ہو اور جس سے آپ نے کھانا بنانا سیکھا ہو؟

شازیہ نور:  جیمز مارٹن میرا پسندید شیف تھا، اس کے کھانے میں دیکھ کر ٹرائی بھی کیا کرتی تھی اور پاکستان میں مجھے ثمینہ آپا اور ردا آپی، ان کے کھانے پسند ہیں۔

ایم ایم نیوز: آپ سے اگر کوئی ریسیپی معلوم کرتا ہے تو کیا آپ اس میں ردوبدل کرکے بتاتی ہیں یا بالکل صحیح صحیح بتاتی ہیں؟

شازیہ نور: نہیں میں کوئی ردوبدل نہیں کرتی اور مجھے برا لگتا ہے کہ اگر کوئی ریسیپی کو تبدیل کرکے بتا تا ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ کھانوں میں سب سے اچھا کیا بنالیتی ہیں اور آپ کے بیٹے کو آپ کے ہاتھ کا بنا ہوا کونسا کھانا پسند ہے؟

شازیہ نور: میں سب کچھ اچھا بنا لیتی ہوں اور میرے بیٹے کو میرے ہاتھ کی براؤنی اور نہاری بہت پسند ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ کو کھانا پکانے کا زیادہ شوق ہے یا کھانے کا؟

شازیہ نور: مجھے کھانا بنانے کا زیادہ شوق ہے  اور میرا پیٹ اپنے کھانوں کی تعریف سن کرہی بھر جاتا ہے۔

ایم ایم نیوز: کامیاب شیف ہونے کیلیئے کیا ضروری ہے؟

شازیہ نور: کامیاب شیف ہونے کیلییئے ایمانداری بہت ضروری ہوتی ہے۔

ایم ایم نیوز: کوکنگ کے علاہ آپ کے کیا شوق ہیں، کیا کرتی ہیں اپنے فری ٹائم میں؟

شازیہ نور: میں بہت اچھی پینٹنگ کرلیتی ہوں اور گھر میں سب اس کو پسند بھی بہت کرتے ہیں۔

ایم ایم نیوز: آُپ کو اتنا اچھا کھانا بنانا آتا ہے تو آپ نے کبھی گھر سے فوڈ بزنس کرنے کا کیوں نہیں سوچا، جیسے آج کل اکثرخواتین کررہی ہیں؟

شازیہ نور: نہیں گھر سے کرنے کا تو نہیں سوچا البتہ ہمیشہ یہ سوچا ہے کہ جب بھی بزنس کرونگی، تو ضرور اپنا کیفے کھولونگی۔

ایم ایم نیوز: آپ کونسے کھانے بناتی ہیں ایکسٹرا کیلوری والے یا کم کیلوری والے؟

شازیہ نور: میں بیلنس کھانے بناتی ہوں اور ‘کی ٹو’ کو بالکل پریفر نہیں کرتی کیونکہ اس کا منفی اثربعد میں ضرور نظر آتا ہے۔

ایم ایم نیوز:آپ کے خیال  میں فریج میں پرانی رکھی ہوئی سبزیاں اور گوشت سے کھانے کے ذائقے پر اثر ہوتا ہے؟

شازیہ نور: جی بالکل ہوتا ہے کیونکہ فریج میں رکھی ہوئی چیزیں پرانی ہوجاتی ہیں جو کہ کھانوں پر اثر ڈالتی ہیں اس لئے ہمیشہ فریش چیزیں استعمال کرنی چاہئیں۔

ایم ایم نیوز: آپ کو اپنے کچن میں سب سے زیادہ کیا  پسند ہے؟

شازیہ نور: مجھے کڑھائی بہت پسند ہے، اُس میں کھانے بھی بہت اچھے بنتے ہیں۔

ایم ایم نیوز: آپ کے کھانوں کی پریزینٹیشن بہت اچھی ہوتی ہے تو آپ اس حوالے سے لوگوں کو کیا مشورہ دینگی؟

شازیہ نور: پریزینٹیشن بہت اہم ہوتی ہے، اس پر سب کو توجہ دینی چاہیئے کیونکہ لوگ کھانا کھانے سے پہلے اس کی پریزینٹیشن کو دیکھتے ہیں۔

ایم ایم نیوز: آپ کھانے کی پریزینٹیشن کیسے کرتی ہیں؟

شازیہ نور: میں سبزیوں کا استعمال کرتی ہوں اور ٹیبل پر فلاورز بھی رکھتی ہوں اس سے ایک اچھا تاثر پڑتا ہے اور میں یہی مشورہ دونگی، سب کو کہ آپ لوگ ٹیبل کوور بھی اچھا استعمال کیا کیجئے، اُس سے اچھا اثر پڑتا ہے۔

ایم ایم نیوز: آپ کچن کیلیئے گروسری اور کراکری خود خریدتی ہیں؟

شازیہ نور: میں گروسری خود بھی خرید لیتی ہوں اور کسی کے ذریعے سے بھیج کر بھی منگوالیتی ہوں، بعض اوقات اپنے شوز کیلیئے بھی کراکری خریدنے جاتی ہوں اور میں ہمیشہ شوخ رنگوں کی کراکری خریدتی ہوں۔

ایم ایم نیوز: آپ کا اپنا پروگرام دیکھنے والوں کیلیئے کیا پیغام ہے؟

شازیہ نور: میں اُن سب کو یہی پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنا بہت زیادہ خیال رکھیں، اپنی فیملی کو اچھے اچھے کھانے بنا بنا کر کھلائیں اور میری ریسیپیز کو دیکھتے رہیں۔

Related Posts