موٹروے پر مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم! ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

موٹروے ایم تھری پر ایک افسوسناک حادثے نے خوشگوار سفر کو لمحوں میں ماتم میں بدل دیا جہاں سمندری انٹرچینج سے لاہور کی طرف تقریباً 9 کلومیٹر کے فاصلے پر فیصل موورز کی بس مزدا ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں بس کا سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ 5 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 6 افراد متاثر ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فیصل موورز بس کے سکیورٹی گارڈ محمد زبیر کے نام سے ہوئی جن کی عمر 26 سال تھی۔

حادثہ اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب محمد زبیر شدید زخمی ہونے کے بعد بس کے اگلے حصے میں پھنس گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائی شروع کردی۔

ریسکیو اہلکاروں نے کامیاب آپریشن کے ذریعے محمد زبیر کو بس کے فرنٹ حصے سے باہر نکال لیا تاہم وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہوسکے۔

Image

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں 55 سالہ شیر غلام، 28 سالہ عدنان، 26 سالہ اللہ بخش، 45 سالہ شاہد ندیم اور 32 سالہ محمد شاہد شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی بعد ازاں ریسکیو 1122 نے جاں بحق ہونے والے محمد زبیر کی لاش موٹروے پولیس کے حوالے کردی۔

Related Posts