بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ 24 سال بعد ٹیلی ویژن پر بطور میزبان واپسی کے لیے تیار ہیں۔ اداکارہ آنے والے مراٹھی کوئز شو کون ہو نار کروڑ پتی کی میزبانی کریں گی جو مقبول پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کا علاقائی ورژن ہے۔
یہ شو مقبول کوئز پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کا مراٹھی روپ ہے جس کی میزبانی بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شو کے منتظمین نے منگل کے روز اس کا پہلا پرومو جاری کیا جس میں مادھوری روایتی مہاراشٹرین انداز میں نظر آئیں۔
پرومو میں مادھوری نے سبز اور سنہری رنگ کی ساڑھی پہن رکھی ہے جبکہ ان کے لباس کو روایتی سنہری زیورات اور مہاراشٹرین طرز کی ناک کی لونگ نے مزید نمایاں کیا ہے۔
مراٹھی زبان میں شو کا تعارف کرواتے ہوئے اداکارہ کہتی ہیں کہ ایک ایسا واقعہ ہونے جا رہا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا، اور مہاراشٹر کے گھروں میں ایک نئی گفتگو کا آغاز ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ کھیل کا انداز بدلنے والا ہے اور وہ ناظرین کے لیے کون ہو نار کروڑ پتی لے کر آرہی ہیں جسے جلد پیش کیا جائے گا۔
مادھوری نے یہ پرومو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔ کیپشن میں انہوں نے نئے سفر کے آغاز پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا گیم شو ناظرین تک پہنچانے کے لیے پُرجوش ہیں جو علم، خوابوں اور امکانات کے گرد گھومتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








