حکومتی نااہلی یا ٹرانسپورٹرز کی ضد؟ 9 روزہ ہڑتال سے برآمدی شعبے کو 450 ارب کا نقصان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کی معیشت پہلے ہی مختلف چیلنجز کی زد میں تھی کہ اب گڈز ٹرانسپورٹرز کی طویل ہڑتال نے ملکی برآمدات کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ محض نو دن جاری رہنے والی اس ہڑتال کے باعث برآمدی شعبے کو اندازاً 450 ارب روپے کے ناقابلِ تلافی مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جس نے ملکی صنعتکاروں اور تاجروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، نٹ ویئر، ریڈی میڈ گارمنٹس اور تولیہ سازی سے وابستہ صنعتوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف فریٹ چارجز میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے تو دوسری جانب برآمدی مال کے لیے بحری جہازوں میں جگہ حاصل کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسپورٹ ایسوسی ایشنز کے چیف کوآرڈینیٹر محمد جاوید بِلوانی، PHMA کے چیئرمین محمد بابر خان اور TMA رہنما اطہر باری نے بتایا کہ ہڑتال کے طویل ہونے سے برآمدی کارگو کی ترسیل تقریباً مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہے۔

فیکٹریوں اور گوداموں سے بندرگاہوں کی جانب جانے والے کنٹینرز کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم تک مقررہ وقت پر نہیں پہنچ سکے۔ اسکے باعث کئی شپمنٹس اپنے طے شدہ شیڈول پر روانہ نہ ہوسکیں جبکہ برآمد کنندگان کو جہازوں میں پہلے سے حاصل شپنگ اسپیس بھی ضائع ہونے کا سامنا کرنا پڑا۔

برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ محدود شپنگ سلاٹس حاصل کرنے کے لیے اب انہیں معمول سے کہیں زیادہ فریٹ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق مال برداری کے نرخ 300 فیصد سے بھی زیادہ بڑھ چکے ہیں۔ محمد جاوید بِلوانی نے فریٹ میں اس اضافے کو پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے کاروباری منافع کے مارجن سکڑ رہے ہیں اور عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی مسابقتی پوزیشن بھی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

اضافی فریٹ نے زرمبادلہ کا دباؤ بھی بڑھا دیا

برآمد کنندگان نے خبردار کیا ہے کہ ہڑتال کا ایک بڑا اثر ملکی زرمبادلہ پر بھی پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق اضافی مال برداری کے اخراجات کی مد میں لاکھوں ڈالر غیر ملکی کمپنیوں کو منتقل کیے جارہے ہیں جس سے ملک کے قیمتی زرمبادلہ کا مزید اخراج ہورہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی تقریباً 65 فیصد برآمدات FOB شرائط کے تحت کی جاتی ہیں جبکہ تقریباً 35فیصد شپمنٹس C&F، CFR اور دیگر ایسی تجارتی شرائط پر ہوتی ہیں جن میں فریٹ بھی شامل ہوتا ہے۔اس صورتحال کے باعث بین الاقوامی مال برداری کے اخراجات کی براہ راست ذمہ داری بڑی حد تک پاکستانی برآمد کنندگان پر عائد ہوتی ہے۔

برآمد کنندگان کے مطابق FOB شرائط کے تحت روانہ ہونے والا مال بھی موجودہ بحران سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔ جہازوں میں شپنگ اسپیس کی قلت، کارگو کی ترسیل میں تاخیر اور بین الاقوامی خریداروں سے ہاتھ دھونے کے خدشات نے FOB شپمنٹس کے لیے بھی خطرات بڑھا دئیے ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال 8 اگست کو شروع ہوئی تھی تاہم اس سے پہلے ہی پیٹرولیم کے شعبے میں کئی ہفتوں سے کشیدگی کا ماحول تھا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز اس سے قبل روزانہ کی بنیاد پر ایندھن کی قیمت مقرر کرنے کے متنازع طریقہ کار کے خلاف ملک گیر احتجاج کرچکے تھے۔ احتجاج کے نتیجے میں سپلائی چین کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا تھا بعد ازاں حکومت کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال 40 روز کے لیے موخر کردی تھی دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی مالی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے منافع کے مارجن میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ صرف حکومتی پالیسی اعلانات اور مراعات دینے سے برآمدی اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔ ان کے مطابق ملک کو ایک ایسے لاجسٹکس نظام کی ضرورت ہے جو مسلسل، قابل اعتماد اور عالمی سطح پر مسابقتی ہو۔

محمد جاوید بِلوانی نے حکومت پر زور دیا کہ پاکستان کے لیے ایک قابل اعتماد، بلا تعطل اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مسابقتی ایکسپورٹ لاجسٹکس نظام یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا برآمدی شعبہ اس صورتحال سے مسلسل نقصان اٹھا رہا ہے، اس لیے حکومت کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری طور پر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

Related Posts