فیصل آباد میں قتل کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام رہی، پولیس نے گھر سے نکالنے پر باپ کو جان سے مارنے والے بیٹے اور اس کے دوست کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بیٹے نے دوست کے ساتھ مل کر باپ کی جان لے لی۔ ملزم کے بھائی نے قتل کے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر قتل کا راز فاش ہوگیا۔
لاہور ائیرپورٹ، گوجرانوالہ کی طالبہ سے زیادتی کا ملزم 6سال بعد گرفتار
فیصل آباد میں ملت ٹاؤن، چک 198 ر ب منیانوالہ کے علاقے میں محنت کش محمد اشرف نے چھوٹے بیٹے بلال کو محنت مزدوری یا نوکری نہ کرنے کے باعث گھر سے نکالا، تاہم بیٹے نے والد کے اقدام کو دشمنی کی وجہ بنا کر قتل کا منصوبہ بنا لیا۔
محنت کش محمد اشرف دن کے وقت مستری جبکہ رات کو انڈے فروخت کرکے گھر کا خرچ مشکل سے چلا رہا تھا۔ گزشتہ روز جب محمد اشرف انڈے فروخت کرکے گھر آیا تو بلال نے دوست رمضان عرف جانی کے ہمراہ اپنے باپ پر پسٹل سے فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی باپ جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل کے بھائی علی اصغر نے ڈکیتی کہہ کر قتل چھپانے کی کوشش کی تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ قتل بلال نے کیا تھا۔ پولیس نے علی اصغر کے بیان پر دونوں ملزمان پر مقدمہ درج کر لیا۔