وفاقی کابینہ نے عوام کے لیے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

federal cabinet meeting
federal cabinet meeting

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواجس میں مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 15 ارب ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے۔

تاہم وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور علی امین گنڈا پور سمیت کئی وزراء نے یوٹیلٹی اسٹورز پیکج کی مخالفت کرتےہوئے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو اربوں روپے دینے کے بجائے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں۔

اجلا س میں وزیراعظم عمران خان نے ای سی سی کے چینی کی درآمد کے فیصلے کو منسوخ کردیا، وزیراعظم کا کہناتھا کہ چینی کے معاملے پر عوام کو پریشان نہیں ہونے دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہماری اولین ترجیح عوام، خصوصاً غریب اور تنخواہ دار طبقہ ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا پہلے ہی بوجھ ہے مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ جبکہ اجلاس میں دالوں پر امپورٹ ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک بھر میں دالوں کی قیمت 15 سے 20 فیصد کمی کی جائے گی۔

اجلاس میں چینی کی برآمد پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی گئی جبکہ کابینہ نے 50 ہزار نوجوانوں کو یوتھ اسٹورز کے لئے قرض دینے کی بھی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ 50 ہزار دکانوں پر یوٹیلٹی سٹورز کی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کی جائے گی۔

Related Posts