لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کارکنوں کی ممکنہ گرفتاری، فواد چوہدری نے حکومت کو خبردار کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کارکنوں کی ممکنہ گرفتاری، فواد چوہدری نے حکومت کو خبردار کردیا
لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کارکنوں کی ممکنہ گرفتاری، فواد چوہدری نے حکومت کو خبردار کردیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے پیر کو حکومت کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری کے متعلق خبردارکردیا۔

پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں، سابق وزیر اطلاعات نے حکومت سے کہا کہ اگر وہ چاہے تو پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر سکتی ہے، لیکن یہ اس کے حق میں نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لوگوں تک محدود ہے، جبکہ کراچی میں کارکنان اپنے شہر میں احتجاج کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان 25 مئی کو صبح پشاور سے روانہ ہوں گے اور کے پی کے دارالحکومت سے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسی دن اسلام آباد پہنچیں گے۔

سابق وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین 3 جون کو اگلے ایکشن پلان کا بھی اعلان کریں گے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ مارچ میں توسیع ہو سکتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو مزید بتایا کہ وہ ”لاکھوں لوگوں ” کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے سے نہیں روک سکتی۔

فواد نے دعویٰ کیاکہ ”خواتین، بچے، سابق فوجی، ڈاکٹر اور بیوروکریٹس ہمارے مارچ کا حصہ ہوں گے۔ ریٹائرڈ جرنیل بھی ہمارے لانگ مارچ کا حصہ ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انتظامیہ میں ایسے ”ذمہ دار” افسران ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ ان پر ”دباؤ” ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی افسران استعفیٰ دے دیں گے، لیکن مارچ کو روکنے میں اپنا کردار ادا نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، کنٹینرز لگائے جانے لگے، پولیس و انتظامیہ حرکت میں آگئی

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں روس سے سستا تیل درآمد کرنے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔”ہم اسی معاہدے میں داخل ہونے والے تھے، لیکن ہمیں اس پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں تھی۔”

Related Posts