فیصل واؤڈا کا بیانِ حلفی جھوٹا نکلا، عدالت نے نااہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فیصل واؤڈا کاحلفی بیان بادی النظرمیں جھوٹا ثابت ہوا۔نااہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ
فیصل واؤڈا کاحلفی بیان بادی النظرمیں جھوٹا ثابت ہوا۔نااہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے مستعفی رکنِ قومی اسمبلی فیصل واؤڈا کی نااہلی سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق فیصل واؤڈا کا حلفی بیان بادی النظر میں جھوٹا ثابت ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  فیصل واؤڈا نااہلی کیس کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے 13 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ آج جاری کیا۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن فیصل واؤڈا کی نااہلی سے متعلق معاملات کی تحقیقات کرکے مناسب حکم جاری کرسکتا ہے۔

عدالتِ عالیہ اسلام آباد کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واؤڈا نے 11 جون کے روز دوہری شہری نہ رکھنے کا بیانِ حلفی جمع کرایا جبکہ فیصل واؤڈا کو امریکی شہریت ترک کرنے سے متعلق سرٹیفیکیٹ 25 جون کے روز جاری ہوا تھا۔ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ کے وقت فیصل واؤڈا امریکی شہری اور الیکشن لڑنے کیلئے نااہل تھے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واؤڈا نے 29جنوری 2020ء سے لے کر 3 مارچ 2021ء تک نااہلی کی درخواست پر کوئی جواب داخل نہیں کیا۔ فیصل واؤڈا نے کبھی ایک اور کبھی دوسری وجہ سے نااہلی کیس کو طول دیا اور جواب داخل نہ کرا کر کیس میں تاخیر کی۔ وکیل نے کہا کہ فیصل واؤڈا رکنِ اسمبلی یا سینیٹ بننے کے اہل نہیں رہے۔

ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دئیے ہیں کہ فیصل واؤڈا کی جانب سے جھوٹا بیانِ حلفی داخل کرانے کے الگ نتائج ہیں۔ وکیل نے اصرار کیا کہ فیصل واؤڈا کی جانب سے رکنِ قومی اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ صرف پیش کیا گیا، منظوری باقی ہے۔ فیصل واؤڈا 2018ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 7 اگست 2018ء کے روز فیصل واؤڈا کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا۔ فیصل واؤڈا کے وکیل نے 3 روز قبل استعفیٰ پیش کیا اور کہا کہ نااہلی کی درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے۔ جواب داخل نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے کاغذاتِ نامزدگی سے متعلق ریکارڈ طلب کیا۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل پی ٹی آئی رکن فیصل واؤڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا جبکہ یہ بات عدالت میں نااہلی کیس کی سماعت کے دوران سامنے آئی۔

 فیصل واؤڈا کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت 3 روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نااہلی کیلئے دائر درخواست اب قابلِ سماعت نہیں رہی، کیونکہ فیصل واؤڈا نے قومی اسمبلی کی نشست ہی چھوڑ دی ہے۔

مزید پڑھیں: فیصل واؤڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

Related Posts