پاکستان کی سینئر اور جانی پہچانی اداکارہ مشی خان نے بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر و اداکارہ نیہا سوامی بجلانی کی جانب سے ایک ایسی ٹی شرٹ پہننے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جس پر مکی ماؤس کے ڈیزائن کے ساتھ مذہبی عبارت بھی درج تھی۔
مشی خان نے اس عمل کو عقائد کے احترام کے منافی قرار دیتے ہوئے بھارتی انفلوئنسر سے دوٹوک الفاظ میں پبلک معافی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدس عبارتوں اور مذہبی علامات سے جڑے معاملات میں انتہائی احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ اس قسم کی لاپرواہی سے دل آزاری ہوتی ہے۔ اس معاملے نے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھوٹی ہوئی ہے جہاں صارفین اس حوالے سے کڑی تنقید کر رہے ہیں۔
دوسری جانب تنازع طول پکڑنے پر بھارتی اداکار ارجن بجلانی اور ان کی اہلیہ نیہا سوامی بجلانی نے اس غیر ارادی غلطی پر کھل کر وضاحت پیش کرتے ہوئے سب سے معافی مانگ لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیہا سوامی ایک تقریب میں شرکت کے دوران مذکورہ ٹی شرٹ زیب تن کیے ہوئے تھیں جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور پاکستانی اداکارہ مشی خان سمیت مختلف حلقوں نے اس پر سخت اعتراض اٹھاتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ جوڑے نے اپنی صفائی میں وضاحت پیش کی کہ یہ ٹی شرٹ انہیں بنکاک کے دورے کے دوران ایک مداح کی طرف سے تحفے میں ملی تھی اور وہ اس بات سے بالکل بے خبر تھے کہ اس پر کیا تحریر ہے یا اس کے کیا معنی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا مقصد ہرگز کسی کی دل آزاری یا مذہبی بے احترامی کرنا نہیں تھا۔
ارجن بجلانی اور ان کی اہلیہ نے تمام مذاہب کے لیے دل سے احترام کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مستقبل میں اس قسم کی غلطیوں سے مکمل گریز کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف شروع ہونے والی ہراسانی، نازیبا زبان اور دھمکیوں کے طوفان کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ اس معاملے کو مثبت سوچ اور رواداری کے ساتھ دیکھا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








