ملک میں تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، شیخ رشید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

sheikh rasheed
ملک میں تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف تک اس ملک میں تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے نکلے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف تک تمام سیاستدان مارشل لا کی پیداوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنے سیاست دان ہیں وہ زیادہ تر فوج کے گملے اور نرسریوں سے نکلے ہیں، ایک دن تمام صحافیوں کو گیٹ نمبر 4 لے جاؤں گا اور 8 سے نکالوں گا،لیکن اب وہ فوج نہیں رہی، فوج جمہوریت کو لازم و ملزوم سمجھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان گیٹ نمبر 4 سے نہیں نکلے نہ ہی وہ فوج رہی، گیٹ نمبر چار نہیں رہا، میرے بعد بدل گیا، نواز شریف اور زرداری کی پارٹی نے مشرف سے ہاتھ ملایا، دونوں کو ساتھ دینے پر شرمندگی نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول سادہ اور بچے نہیں، وہ زرداری گروپ کے سی ای او رہے ہیں، ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن پر بلاول کے دستخط ہیں، یہ لوگ ضمانتیں کروانے کے لیے اپنے کیسز سندھ منتقل کروانے کی ضد کر رہے ہیں۔

ان کاکہناتھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پلی بارگینگ نہ کی تو وہ بھی مریم نواز شریف کی طرح ملکی سیاست سے مائنس ہوجائیں گے۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی کوئی جگہ نہیں ہے، آصف زرداری کی کرپشن میں بلاول بھی شامل ہیں۔

مشرف کیس کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ غیرقانونی ہے،پیرا 66 کی مخالفت کرتا ہوں، جمہوریت سب سے سےزیادہ کرپٹ ہے جو آیا اس نے مال بنایا،کوئی ثابت کرے مشرف نے منی لانڈرنگ کی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف فیصلہ ،پیرانمبر 66فیصلے کا آپریشنل پیرا نہیں ذاتی رائے ہے، بلاول بھٹو زر داری

مسلم لیگ ن کے صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں اور وہ نیا کوٹ، نیا ہیٹ پہنے لندن میں گھوم رہے ہیں،ش ہباز شریف سے متعلق بھی جلد اچھی خبریں آنے والی ہیں، شہباز شریف بڑے بھائی کو پہلے سعودی عرب اور اب لندن لے کر گئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کے بعد حالات بہتر ہوں گے اور پاکستان آگے بڑھےگا،،اپوزیشن اپنے ہتھکنڈوں میں ناکام ہو گئی، عدلیہ اور افواج پاکستان کے اہم ستون ہیں، آپس میں نہیں ٹکرائیں گے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا حوالہ دے کر کہا کہ انہوں نے کرپشن کو ملک کی تباہی کا ذمہ ٹھہرایا جب کہ میں کہتا ہوں کہ کرپشن غداری کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ کرپٹ معاشرہ اور سیاستدان غریب کو سوکھی روٹی اور چھت نہیں دے سکتے۔

شیخ رشید نے کوالالمپور سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی عدم شرکت کے فیصلے پر کہا کہ اس مسئلے پر عمران خان ملک کے لیے پیچھے ہٹے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔

Related Posts