کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی پراسرار موت خودکشی کا نتیجہ؟ تحقیقات میں چونکا دینے والے شواہد

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے نوجوان میر رضا کی پراسرار موت کا معمہ تاحال مکمل طور پر حل نہیں ہو سکا، تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات اس واقعے کو خودکشی قرار دینے کی طرف اشارہ کر رہی ہیں۔ دوسری جانب تفتیش ابھی جاری ہے اور کئی اہم شواہد، خصوصاً واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور خول، اب تک برآمد نہیں ہو سکے، جس کے باعث حتمی نتیجہ سامنے آنا باقی ہے۔

تحقیقات کے مطابق میر رضا وقوعے سے قبل اپنے والد کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر چکا تھا اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی حذف کر دیے تھے۔ پولیس کو ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں وہ اپنی دکان سے گارڈ کا لائسنس یافتہ پستول لے کر نکلتا دکھائی دیتا ہے، جو معمول کے مطابق دکان میں رکھا جاتا تھا۔

سینئر صحافی فیض اللہ خان نے اس حوالے سے اپنی فیس بک پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ پولیس کے مطابق میر رضا نے صبح تقریباً چار بجے آن لائن ٹیکسی بک کی۔ ٹیکسی ڈرائیور کے بیان کے مطابق دورانِ سفر وہ بلند آواز میں موسیقی سن رہا تھا، حالانکہ اس وقت فجر کی اذانیں ہو رہی تھیں۔ ڈرائیور نے اسے گانے بند کرنے کا کہا تو اس نے جواب دیا، “خیر ہے”، جس کے بعد ڈرائیور خاموش ہو گیا۔

بعد ازاں ایک اور سی سی ٹی وی ویڈیو میں میر رضا کو یونیورسٹی روڈ کے قریب گلستان بلاک ون میں جھاڑیوں کی جانب اکیلے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے مطابق گولی انتہائی قریب سے سینے پر رکھ کر چلائی گئی، جس کے بارود کے ذرات بھی سینے پر پائے گئے۔ تاہم پولیس کو ابھی تک نہ پستول ملا ہے اور نہ ہی خول، صرف پستول کا ہولسٹر برآمد ہوا ہے، جس کی وجہ سے تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں۔

تحقیقات کے دوران میر رضا کا آئی فون بھی یونیورسٹی روڈ سے برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل فون چھیننے یا ڈکیتی کے شواہد نہیں ملے۔

چہرے پر موجود نشانات کے حوالے سے بھی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شدید گرمی، حبس اور قریبی نرسریوں میں موجود حشرات الارض کی وجہ سے چہرے کو نقصان پہنچا، جبکہ ابتدائی طور پر بعض افراد نے اسے تشدد کا نتیجہ قرار دیا تھا۔

پولیس کی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ میر رضا نے ڈیجیٹل کرنسی (کرپٹو کرنسی) میں اپنے اور دیگر افراد کے تقریباً پانچ کروڑ روپے سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ چند ماہ قبل بھاری مالی نقصان کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ اپریل سے اس نے سرمایہ کاروں کو منافع دینا بند کر دیا تھا، جبکہ رقم کی واپسی کے مطالبات بھی اس پر دباؤ بڑھا رہے تھے۔ تحقیقات کے مطابق اس نے مختلف دوستوں سے قرض لینے کی بھی کوشش کی، مگر کامیاب نہ ہو سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک اغوا برائے تاوان، ذاتی دشمنی یا موبائل چھیننے جیسے شواہد سامنے نہیں آئے۔ تاہم تفتیش ابھی جاری ہے اور سرمایہ کاری کرنے والے دیگر افراد کے بیانات سمیت مزید شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اس کیس کی حتمی تصویر واضح ہو سکے گی۔

Related Posts