آزادی مارچ: عمران خان کی کنٹینرکی سیاست آج دفن ہوگئی ہے، شہبازشریف کاخطاب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کاکہنا ہے کہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی بلکہ تبدیلی اب آئی ہے، کنٹینر کی سیاست عمران خان نے شروع کی تھی، کنٹینر کی سیاست آج دفن ہوگئی ہے۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادی مارچ میں آج لاکھوں لوگ جمع ہیں یہ سمندر حکومت کو بہالےجائے گا، آزادی مارچ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نےوزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اداروں نے جتنی حمایت عمران خان کو دی اگر 10 فیصد ہمیں مل جاتی تو متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کرلیتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جادو ٹونے اور پھونکوں سے حکومت چلارہا ہے،عمران خان نیازی ایک کروڑ نوکریاں تو دور کی بات تم نے تو لاکھوں کو بیروز گار کردیا،پچاس لاکھ گھروں کی بات تو دور کی بات تم نے تو لوگوں سے چھت چھین لی ہے۔

صدرمسلم لیگ ن کاکہناتھاکہ ڈینگی سے قیمتی جانیں گئیں ،یہ عمران خان ہمیں ڈینگی برادر کہتا تھا،اس سال پچاس ہزار لوگ ڈینگی سے متاثر ہوئے،نواز شریف کے قیادت میں ڈینگی کا خاتمہ کیا گیاجبکہ عمران خان آج کہیں نظر نہیں آرہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب تک ملک کی عمران خان سے جان نہیں چھوٹتی ہم اس کی جان نہیں چھوڑیں گے، عمران خان کا دماغ خالی ہے، اگر موقع ملے ہم 6 ماہ معیشت ٹھیک کردیں گے ورنہ میرا نام عمران خان نیازی رکھ دینا۔

قبل ازیں اسلام آباد پہنچنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزادی مارچ سے متعلق پارٹی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا،مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس منسٹر انکلیو میں منعقد ہوا تھا جس میں احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا تنویر، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب سمیت دیگر نے شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ کراچی سے 27 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں شروع ہونے والے آزادی مارچ کا قافلہ گزشتہ رات اسلام آباد پہنچا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں قتل کرنے کا منصوبہ بن گیا۔انٹیلی جنس رپورٹ

گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے میٹرو ڈپو گراؤنڈ میں آزادی مارچ سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بھی خطاب کیا تھا،مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی شیر پاؤ کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ نے بھی آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کیا تھا۔