پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام نیا پاکستان کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت کو دوبارہ راہ پر لاسکتے ہیں، تحریکِ انصاف ان سے رابطے میں ہے۔ کوشش ہے اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام فریقین سے انڈراسٹینڈنگ ہو۔
گفتگو کے دوران مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ تحریکِ انصاف کا ہدف ڈیل نہیں ہے، ہماری کوشش ہے کہ انڈر اسٹینڈنگ ہو تاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی رہائی ممکن بنائی جاسکے۔ کیسز بنانے والوں کو خود سمجھ میں آگیا ہے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے عمران خان کی اہلیہ کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی رہائی کے بعد مزید کیسز نہیں بنائے گئے۔ ہمارا ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج بھی جاری ہے۔ اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ اسٹیبلشمنٹ کا تمام معاملات میں اہم کردار ہے۔