اعظم سواتی پر مقدمات، سندھ ہائیکورٹ سے آئی جی اور حکومت کو نوٹسز جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر صوبائی حکومت، آئی جی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تحریری رپورٹ بھی طلب کر لی۔ عدالت نے اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر یہ اقدام اٹھایا۔ 

یہ بھی پڑھیں:

برطانوی اخبار نے وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی

پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی درخواست میں ایک ہی واقعے پر ان کے بیمار والد کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران مختلف سوالات اٹھائے۔ 

آج سماعت کے دوران جسٹس کے کے آغا نے استفسار کیا کہ ایف آئی آر میں نامزد اعظم سواتی کہاں ہیں؟  ایڈووکیٹ انور منصور خان نے کہا کہ سواتی کو حراست میں لے کر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایڈووکیٹ انور منصور خان نے کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف درج تمام مقدمات ایک ہی معاملے پر مبنی ہیں جبکہ ایک واقعہ پر متعدد ایف آئی آرز کا اندراج سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔

ایڈووکیٹ انور منصور خان نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی کے خلاف کراچی میں پانچ اور قمبر شہداد کوٹ میں ایک مقدمہ درج ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت، پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کردئیے۔ 

سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ ایس ایس پیز کو 22 دسمبر تک تازہ ترین رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو ریاست مخالف ٹویٹس کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔