پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ کے پی کے دہشت گردی روکنے کیلئے افغانستان سے رابطہ کریں تو غداری اور اگر مریم نواز بھارت سے رابطہ کریں تو ڈپلومیسی ہے؟
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹر سیف نے مریم نواز کے اسموگ کے حوالے سے بھارت سے رابطے کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ علی امین کے رابطے پر غداری کی بات ہوئی لیکن مریم نواز اسموگ پر بھارت سے رابطہ کریں تو اسے ڈپلومیسی کہا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیرسٹر سیف نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کریں تو رام لیلا اور اگر ہم کریں تو کریکٹر ڈھیلا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بتائیں کہ دہشت گردی پاکستان کیلئے بڑا مسئلہ ہے یا پھر اسموگ؟اسموگ سے انسانی صحت جبکہ دہشت گردی سے انسانی زندگی کو براہِ راست خطرہ ہے۔
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت نے کہا کہ چچا کی حکومت میں بھتیجی کیلئے سب حب الوطنی اور دیگر صوبوں کیلئے غداری ہے۔ یہ اسموگ پر ڈپلومیسی نہیں بلکہ جعلی حکومت کے دوغلے پن کا اظہار ہے۔ بھارت سے شریف خاندان کی محبت پرانی ہے جسے چھپایا نہیں جاسکتا۔ شریف خاندان کی تو شادیوں میں مودی کو دعوتیں دی جاتی تھیں۔
خیال رہے کہ اکتوبر کے دوران وزیر اعلیٰ کے پی کے نے صوبائی حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے افغانستان سے رابطے کی بات کی جس پر ن لیگی حکومت نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے غداری قرار دیا تھا۔ لاہور میں اسموگ کے حوالے سے مریم نواز بھارت کو خط لکھنے کا اعلان کرچکی ہیں جسے اسموگ ڈپلومیسی قرار دیا گیا۔