سب بیویاں اور بچے ساتھ؟ ماں اور بہنیں بھی ہمراہ! جانیں عامر خان کے نئے گھر کی تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ممبئی کے پالی ہل جیسے مہنگے اور پوش علاقے میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ایک ایسا شاندار رہائشی منصوبہ تیار کروا رہے ہیں جو صرف ایک گھر نہیں بلکہ ان کے پورے خاندان کے لیے ایک نسل در نسل رہنے والی جگہ ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کا مقصد ایک ایسی عالی شان کثیر النسلی خاندانی رہائش گاہ بنانا ہے جہاں ان کے خاندان کے بیشتر افراد ایک ہی چھت کے نیچے زندگی گزار سکیں۔

عامر خان کا یہ منفرد منصوبہ پالی ہل میں جاری ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا حصہ ہے جس میں دو پرانی رہائشی عمارتوں بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس کو منہدم کرکے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2030 تک مکمل ہو جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق عامر خان اس پروجیکٹ کے بڑے اسٹیک ہولڈرز میں پہلے ہی شامل تھے کیونکہ ان کے پاس بیلا وسٹا کے 24 میں سے 9 اپارٹمنٹس موجود تھے جبکہ مرینا اپارٹمنٹس میں بھی ان کی متعدد رہائشی یونٹس ملکیت میں تھیں۔

ذرائع کے مطابق عامر خان نے اپنے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ری ڈیولپ ہونے والے کمپلیکس میں مزید اپارٹمنٹس خریدے ہیں جس پر انہوں نے 100 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی۔ ان کا ارادہ ہے کہ ان تمام یونٹس کو ملا کر ایک وسیع و عریض اور پرتعیش اسکائی ولا تیار کیا جائے جہاں خان فیملی کی مختلف نسلیں آرام اور سہولت کے ساتھ رہ سکیں۔

اس خصوصی رہائش گاہ کا ڈیزائن بھی عام گھروں سے مختلف رکھا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہاں خاندان کے افراد کے لیے الگ الگ نجی جگہوں کے ساتھ مشترکہ سرگرمیوں اور مل بیٹھنے کے لیے خصوصی مقامات بھی بنائے جائیں گے۔ کمپلیکس کا ایک پورا فلور تفریحی سرگرمیوں کے لیے مخصوص کیا جا رہا ہے جہاں خاندان نجی تقریبات، جشن اور دیگر مواقع منعقد کر سکے گا۔

رپورٹس کے مطابق عامر خان کے 33 سالہ بیٹے جنید خان کے لیے بھی ایک علیحدہ فلور مختص کیا گیا ہے جبکہ عامر خان خود اپنی اہلیہ گوری اسپرٹ اور ان کے بیٹے کوئن کے ساتھ دو فلورز پر رہائش اختیار کریں گے۔

عامر خان نے اپنے قریبی اہل خانہ کے لیے بھی اسی عمارت میں رہائش کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کی والدہ زینت حسین، بہنیں نگہت خان اور فرہت خان دتہ بھی اسی عمارت میں اپارٹمنٹس حاصل کرسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک الگ اپارٹمنٹ ان کی دوسری سابقہ اہلیہ کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد کے لیے بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

جب تک ری ڈیولپمنٹ کا کام مکمل نہیں ہو جاتا عامر خان عارضی طور پر پالی ہل کے نرگس دتہ روڈ پر واقع ولنومونا اپارٹمنٹس منتقل ہو چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے وہاں چار اپارٹمنٹس کرائے پر لیے ہیں جہاں وہ اس وقت اپنی والدہ، بہنوں، بیٹوں جنید اور آزاد جبکہ گوری اسپرٹ اور کوئن کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔

پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد عامر خان اور ان کا خاندان ممبئی کی سب سے منفرد اور شاندار سلیبریٹی رہائش گاہوں میں شمار ہونے والے ایک بڑے اسکائی ولا میں منتقل ہو جائے گا جو خاندان کے افراد کو ایک ساتھ رہنے کا موقع فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ عامر خان اور گوری اسپرٹ نے 5 جولائی کو اداکار کی پالی ہل والی رہائش گاہ پر ایک نجی اور سادہ تقریب میں کورٹ میرج کی تھی۔ اس تقریب میں صرف قریبی خاندان کے افراد اور دوست شریک ہوئے تھے۔ تقریب میں دونوں کے سابقہ رشتوں سے تعلق رکھنے والے بچے بھی موجود تھے جبکہ عامر خان کے بیٹے آزاد راؤ خان اور گوری کے بیٹے کوئن نے انگوٹھیاں پیش کرنے والے کے فرائض انجام دیے تھے۔رینا دتہ اور کرن راؤ کے بعد گوری اسپرٹ سے شادی عامر خان کی تیسری شادی ہے۔

Related Posts