لاہور میں منشیات کی فضائی سپلائی! جانیں مبینہ منشیات نیٹ ورک کی تہلکہ خیز تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

لاہور میں منشیات کی ترسیل کے ایک غیر معمولی طریقہ کار کا پردہ فاش کرتے ہوئے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے ڈرونز کے ذریعے مبینہ طور پر منشیات اسمگل کرنے والے ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی ہے۔ آپریشن کے دوران ایک خاتون سمیت دو اہم ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ بھاری مقدار میں ہیروئن، ڈرونز اور دیگر جدید آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق لاہور نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن (NCS) کی ٹیموں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تھانہ باٹا پور کے علاقے گاؤں ڈھیال میں متعدد کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں مبینہ منشیات فروش گروہ کے دو اہم ارکان کو گرفتار کیا گیا۔

Image

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 24 کلوگرام اعلیٰ معیار کی ہیروئن برآمد ہوئی جس کی اوپن مارکیٹ میں مالیت تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

Image

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈرونز کے ذریعے منشیات کی ترسیل اور نگرانی کے نظام میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران منشیات کی فضائی منتقلی کے لیے استعمال کیے جانے والے 7 جدید ڈرونز بھی برآمد کیے گئے جن میں ایک بڑا ڈرون بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈرونز کو چلانے کے لیے استعمال ہونے والی مختلف اقسام کی بیٹریاں، چارجرز اور دیگر تکنیکی سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

Image

حکام کے مطابق ملزمان کے پاس سے جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا جس میں ایک ایس ایم جی رائفل کے ساتھ 6 میگزین اور 377 گولیاں، ایک ایم فور (M4) رائفل بمعہ ایک میگزین، تین پستول (9 ایم ایم اور 30 بور) جبکہ مختلف اقسام کے 800 سے زائد کارتوس شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کمانڈر بریگیڈیئر مظہر اقبال کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ یہ منظم نیٹ ورک لاہور کے مختلف رہائشی علاقوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی فراہمی میں سرگرم تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ کارروائی کے ذریعے نہ صرف منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی بلکہ مبینہ سپلائی چین کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں بھی قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خاتمے کیلئے صوبے بھر میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز جاری ہیں جن میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

Image

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Related Posts