خیبرپختونخوا کے سیاحتی ضلع سوات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد شہریوں میں خوف و تشویش پھیل گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 172 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے سوات اور گردونواح کے علاوہ بٹ خیلہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 8 ستمبر کو بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں، جن میں چترال، سوات، ملاکنڈ اور ضلع مہمند شامل ہیں، میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کی گہرائی 196 کلومیٹر اور مرکز بھی کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








