پاکستان کے معاشی حب کے رہائیشیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں وفاقی وزارتِ داخلہ نے شہرِ قائد میں ملک کے سب سے بڑے گرینڈ خدمت مرکز کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس انقلابی اقدام کے بعد شہریوں کو الگ الگ محکموں کے چکر کاٹنے سے نجات مل جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارتِ داخلہ کے دفتر کے دورے کے دوران سامنے آیا۔ اس جدید ترین ون اسٹاپ فیسلیٹی سینٹر میں پاسپورٹ آفس، قومی شناختی کارڈ، نادرا ڈائریکٹ، اسلحہ لائسنس کے اجرا اور تجدید سمیت تمام اہم این او سیز کے لیے خصوصی اور الگ الگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھاتے ہوئے آئندہ 10 روز کے اندر گرینڈ خدمت مرکز کا جامع ماسٹر پلان طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ماسٹر پلان تیار کرتے وقت عام شہریوں کی سہولت، رسائی اور جدید تقاضوں کو اولین ترجیح دی جائے۔
اس پروجیکٹ کے تناظر میں وزارتِ داخلہ نے تمام انتظامی اور تکنیکی امور کو فوری طور پر حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ اس میگا خدمت مرکز کو کم سے کم مدت میں عوام کے لیے کھولا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








