معروف مزاحیہ اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد سابق شوہر اقبال انصاری زیادہ فرض شناس بن گئے ہیں اور اپنے بچوں کا پہلے سے زیادہ خیال رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے دوران گھر کی تمام ذمہ داریوں کا بوجھ میرے کاندھوں پر تھا۔ میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گھر اور بچوں کو بھی تن تنہا سنبھالتی تھی۔
گفتگو کے دوران اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ اقبال انصاری نے اس دوران میرا کوئی ساتھ نہیں دیا۔ میں نے بچوں کی پرورش سے لے کر گھر کی ذمہ داریوں تک اپنی شادی میں بہت محنت کی۔ اس وقت مجھے اپنے شوہر کی طرف سے زیادہ تعاون حاصل نہیں ہوسکا۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ طلاق کے بعد معاملات کافی تبدیل ہوئے۔ اقبال انصاری اب بہت اچھے والد اور نانا بن گئے ہیں جو اپنی بیٹیوں اور ان کے بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور ان کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ وہ اپنی بیٹی کے پاس امریکا آتے جاتے ہیں، ان کا حال احوال بھی پوچھتے رہتے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ بچوں کے پاس باپ اور ماں دونوں ہیں۔اقبال انصاری اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کے بہت قریب ہیں۔ ان کے ساتھ وقت گزارتے اور خیریت پوچھتے ہیں اور ان کی زندگی میں بھرپور دلچسپی بھی لیتے ہیں۔ میں نے بچوں کا ہر کام اکیلے کیا، لیکن اقبال انصاری نے اب یہ ذمہ داری خود اٹھا لی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








