خیبر پختونخوا کے علاقے خانپور میں گھریلو ناچاقی کا ایک ایسا لرزہ خیز اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جس نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ محض 100 روپے کی دہی منگوانے جیسے معمولی سے معاملے پر شروع ہونے والی تکرار اس حد تک بڑھی کہ سسرالیوں اور شوہر نے ملکر تین بچوں کی ماں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولی مار دی۔ متاثرہ خاتون اس وقت اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان کی رہائشی ارم شہزادی جو تین بچوں کی ماں ہیں کی شادی خانپور کے نواحی علاقے فقیر آباد میں ہوئی تھی۔ ارم شہزادی کے مطابق گھر میں اس وقت تنازع کھڑا ہوا جب صرف 100 روپے کا دہی منگوایا گیا۔اس معمولی سی بات پر ہونے والی تلخ کلامی اچانک شدت اختیار کر گئی جسکے بعد شوہر اور سسرالی خاندان کے دیگر افراد نے آپے سے باہر ہو کر ان پر بے رحمانہ تشدد شروع کر دیا۔
راولپنڈی کی رہائشی 3 بچوں کی ماں کو مبینہ طور پر خان پور میں شوہر نے 100 روپے کے دہی کے تنازع پر تشدد کے بعد گولی مار دی۔
ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج خاتون کا بیان۔اللہ پاک اسے زندگی دے اور جس نے اس کو اس حال میں پہنچایا اسکا انجام بھی دردناک ہوگا کیونکہ اللہ پاک جب ظلم کا… pic.twitter.com/MmkV9Hdk1m
— sheikh saira sahiba (@ChotiSheikhni) July 14, 2026
اس بربریت کی انتہا اس وقت ہوئی جب غصے میں پاگل شوہر نے ارم شہزادی پر سیدھی فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر گئیں۔
متاثرہ خاتون کے پورے جسم پر سسرالیوں کے تشدد کے گہرے زخموں اور گولی لگنے کے واضح نشانات موجود ہیں۔ گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والی ارم شہزادی کو فوری طور پر انتہائی تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اس سنگدلانہ کارروائی کے فوراً بعد نامزد ملزم (خاتون کا شوہر) اشفاق احمد گرفتاری سے بچنے کے لیے موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ خانپور پولیس نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے اور مفرور ملزم اشفاق احمد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسپتال کے بستر پر درد سے کراہتی ہوئی ارم شہزادی نے وزیرِ اعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے دہائی دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ انہیں سسرالیوں کے اس ظلم کا فوری انصاف فراہم کیا جائے اور ان کی زندگی برباد کرنے والے درندوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








