کراچی کے علاقے کورنگی میں بدھ کے روز شاہراہِ بھٹو ٹول پلازہ کے قریب ایک تیز رفتار ایس یو وی نے سوزوکی پک اپ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان خاتون جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے باعث پک اپ الٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پک اپ قیوم آباد سے قائد آباد جا رہی تھی کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ پک اپ الٹ گئی اور اس میں سوار متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد ایس یو وی کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور جاں بحق خاتون کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا۔
ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 20 سالہ رامین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 8 سالہ حنا، 12 سالہ آشا، 13سالہ کاشی، 16سالہ دھانی، 25سالہ شامو، 30 سالہ آشو، 37سالہ کاشی، 40سالہ لکشمی، 45سالہ تلسیا اور 57سالہ لالو شامل ہیں۔فرار ڈرائیور کی تلاش اور حادثے کی وجوہات پر مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








