ڈالر کے بعد ملک میں سونے کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: ملک بھر میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بعد سونے کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوگیا۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سونے کی فی تولہ قیمت میں 1500 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ قیمت ایک لاکھ 38 ہزار 100 روپے ہوگئی۔

10 گرام سونا 1286 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 18 ہزار 398 روپے کا ہوگیا جبکہ عالمی صرافہ میں بھی سونا 34 ڈالر مہنگا ہو کر 1833 ڈالرز فی اونس ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اب پہلی بار ڈالر 196 روپے کا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سترہ مئی کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر دوران ٹریڈنگ 2.81 روپے مہنگا ہوکر 196.99 روپے کا ہوگیا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 1.50 روپے کے اضافے سے 198 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی۔

جب سے ملک میں نئی حکومت آئی ہے تو صرف 36 دن میں ڈالر 14 روپے مہنگا ہوچکاہے۔ اوپن مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے سیاسی و معاشی بحران سے بے یقینی میں اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ مقامی کرنسی مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے پہلے دن پیر کو بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ برقرار رہا تھا اور خاص طور پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر بڑھنے کی رفتار زیادہ رہی تھی۔

پیر کو ڈالر کی قدر میں 1.65 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور ڈالر 194.18 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا جبکہ ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 194.40 روپے کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قدر ایک روپے کے اضافے سے 195.50 روپے ہوگیا تھا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق اس کی وجہ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی زیادہ طلب ہے، جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں زیادہ اضافہ ہورہا ہے اور اس کے اثرات اوپن مارکیٹ پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔

مزید پڑھیں:ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ جاری، حکومت کی تکنیکی خرابی پر بجلی منقطع نہ کرنیکی ہدایت

مزید برآں اس حوالے سے کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان ڈالر کی قدر بڑھنے کے لالچ میں باہر سے برآمدی رقوم منتقل کرنے میں ٹال مٹول کررہے ہیں جس کی وجہ سے بھی ڈالر کی عدم دستیابی بڑھ رہی ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے انٹر بینک میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جارہی، بینک بھی صورتحال کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔