عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں اداکردی گئی،کثیر پاکستانیوں کی شرکت

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں اداکردی گئی،کثیر پاکستانیوں کی شرکت
عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں اداکردی گئی،کثیر پاکستانیوں کی شرکت

کراچی:کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی جرمنی کے شہر نیونبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی،جس میں جرمنی بھر سے آئے ہوئے پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، بعد ازاں میت کو وہاں پاکستانی سفارتی عملے اور ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

کروڑوں دلوں کی جان عمر شریف کا جسد خاکی دو دن تک جرمنی کے شہر نیونبرگ کے ہسپتال میں تھا اور وہاں کی مقامی انتظامیہ نے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس کے بعد ان کی میت کو پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ورثا کے حوالے کیا گیا تھا۔

جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹ میں عمر شریف کی نیونبرگ میں ادا کی گئی نماز جنازہ کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی میت 5 اکتوبر تک پاکستان روانہ کردی جائے گی۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں لوگوں کی کثیر تعداد کو عمر شریف کی نماز جنازہ میں دیکھا جا سکتا ہے۔دوسری جانب جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین نے تصدیق کی کہ نیونبرگ شہری انتظامیہ کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد ہسپتال نے عمر شریف کا جسد خاکی ورثا اور سفارتی عملے کے حوالے کردیا۔

عمر شریف کے جسد خاکی کو سفارتی عملے کے حوالے کیے جانے کے بعد ان کی میت کو پہلے فرینکفرٹ لے جایا جائے گا جب کہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر عمر شریف کی میت کو جرمنی کے شہر میونخ سے کراچی کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جرمنی کے ہسپتال میں رہنے کی وجہ سے عمر شریف کی بیوہ زرین غزل کا منگل کو کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا، جس کا رزلٹ ملنے کے بعد ہی انہیں وہاں سے نکلنے کی اجازت ملے گی۔

اگر سب کچھ صحیح رہا تومنگل کی شام تک عمر شریف کی میت کو پاکستان روانہ کیا جائے گا اور ان کا جسد خاکی 8 سے 10 گھنٹوں کے سفر کے بعد 6 اکتوبر کی علل صبح کراچی پہنچے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ عمر شریف کی میت کراچی پہنچنے کے بعد اسے کہاں منتقل کیا جائے گا، تاہم کامیڈین کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر کی جائے گی۔

اس حوالے سے سندھ حکومت نے عبداللہ شاہ غازی مزار انتظامیہ کو پہلی ہی ہدایات جاری کر رکھی ہے اور ممکنہ طور پر آج شام تک عمر شریف کی تدفین کی جگہ کا تعین بھی ہوجائے گا۔

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف 2 اکتوبر کی دو پہر کو 66 برس کی عمر میں جرمنی کے شہر نیونبرگ کے ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

Related Posts