اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں خوفناک حادثہ پیش آنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 33 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں گزشتہ روز بس اور ٹریلر کا تصادم ہوا جس سے 33 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہیں، متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد ریسکیو عملہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
حادثے کا شکار بس کے حصے کاٹ کر زخمیوں کو نکالنا پڑا۔ مسافر بس سیالکوٹ سے راجن پور جاتے ہوئے تصادم کی نذر ہوگئی۔ بیشتر مسافر عید منانے کیلئے اپنے اپنے آبائی گھروں کی طرف جا رہے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت دیگر وفاقی و صوبائی وزراء اور سیاسی و سماجی شخصیات نے ڈی جی خان حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔
پنجاب حکومت حادثے کے بعد متحرک ہوگئی اور امدادی سرگرمیوں کیلئے ہر ممکن معاونت کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔
خاندان اجڑ گئے
صوبہ پنجاب کے شہر ڈی جی خان میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں خاندان کے خاندان اجڑ گئے۔ حادثے نے خادم حسین کی زندگی تاریک کردی جس کا بیٹا حادثے کے نتیجے میں بری طرح زخمی ہے۔
خوفناک حادثے کے نتیجے میں گزشتہ روز اپنوں کے ساتھ عید منانے کیلئے راجن پور کی طرف جانے والے 3 بھائی جاں بحق ہوگئے۔ خادم حسین کا بیٹا تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
خادم حسین کا کہنا ہے کہ میرے 2 بیٹوں کی عید کے بعد شادی تھی۔ چاروں بھائی سیالکوٹ سے عید منانے کیلئے اپنے آبائی علاقے کی طرف جارہے تھے۔ حادثے نے عید اور شادی کی خوشیاں چھین لیں۔
گزشتہ روز ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ تونسہ روڈ پر پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں بس اور ٹریلر کو نقصان پہنچا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں: ڈی جی خان، بس اور ٹریلر کا خوفناک تصادم، متعدد جاں بحق اور زخمی