محکمہ موسمیات نے پنجاب میں 28 اکتوبر سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق ایک نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں موسم تبدیل ہوگا اور سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور ان کے گردونواح میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ان علاقوں میں موسم خاصا سرد ہوگیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت گرنے کے بعد پنجاب کے بعض حصوں میں بھی خنکی بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے اثرات ملک کے بالائی حصوں میں نمایاں ہیں اور اسلام آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں مزید بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق بالائی پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور تیز ہواؤں کے باعث متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








