گوشت کے نام پر زہر کی فروخت! لاہور میں غیر قانونی مذبح خانے پر فوڈ اتھارٹی کی کارروائی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سگیاں چلائے جانے والے ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مار کر 700 کلو گرام سے زائد بدبودار، ایکسپائر اور زہریلا گوشت ضبط کر لیا گیا ہے تاہم اس دوران مذبح خانے کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کامیاب چھاپے کی قیادت ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے خود اپنی ٹیموں کے ہمراہ کی۔ موقع پر کیے جانے والے تفصیلی معائنے کے دوران یہ خوفناک انکشاف ہوا کہ برآمد ہونے والے گوشت کا رنگ نیلا پڑ چکا تھا اور اس پر مختلف موذی بیماریوں کے واضح نشانات صاف دکھائی دے رہے تھے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بیمار جانوروں کے اس گوشت پر خطرناک دانے اور پانی کی تھیلیاں بنی ہوئی تھیں جبکہ گوشت کے اندرونی ریشوں (میٹ فائبرز) میں کیڑے رینگ رہے تھے۔ حکام کا واضح کہنا تھا کہ پکڑا جانے والا یہ 700 کلو گرام گوشت انسانی جانوں کے لیے انتہائی زہر قاتل اور مضرِ صحت تھا۔

فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی مزید چھان بین میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہ غیر قانونی مذبح اور اسٹوریج ہاؤس کسی صنعتی زون کے بجائے ایک رہائشی علاقے میں انتہائی چالاکی سے چھپا کر چلایا جا رہا تھا۔ اس غیر قانونی دھندے کے پاس نہ تو کوئی سرکاری لائسنس تھا اور نہ ہی کوئی متعلقہ ریکارڈ موجود تھا۔ صفائی ستھرائی کے تمام ایس او پیز کو ہوا میں اڑاتے ہوئے بدترین غلاظت کے ماحول میں گوشت کو براہِ راست زمین پر رکھا گیا تھا۔

معائنے میں انکشاف ہوا کہ وہاں اسٹوریج کا نظام انتہائی ناقص تھا جہاں مکھیوں اور کیڑوں کی بھرمار تھی، فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھے، گندا پانی جگہ جگہ کھڑا تھا اور دیواریں فنگس کی لپیٹ میں تھیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اس خطرناک اور مضرِ صحت گوشت کو پیمکو بھٹی میں منتقل کرکے مکمل طور پر جلا کر تلف کر دیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے عزم ظاہر کیا کہ خوراک جیسی بنیادی نعمت میں جعلسازی ایک ناقابلِ معافی اور سنگین جرم ہے اور عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے ان غیر معیاری تاجروں کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Related Posts