پنجاب میں اولیاء کرام کے مزارات کی سکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف چودھری شافع حسین نے ایوان اوقاف میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کیا اور نئے نظام کا جائزہ لیا۔
پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان کے 8 اہم مزارات کو مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 8 مزارات شامل کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت مرحلہ وار پنجاب بھر کے مزارات کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے جوڑا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کنٹرول روم میں جدید کیمرے نصب کرنے، مزارات کو متعلقہ تھانوں سے منسلک کرنے اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے سکیورٹی اور انتظامی نگرانی بہتر ہوگی جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہوسکے گی۔
چودھری شافع حسین نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کی ڈیجیٹائزیشن بھی جاری ہے اور تمام اوقافی اراضی کو ڈیجیٹل ریکارڈ میں منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اوقاف کی زمین کا ایک ایک انچ ناجائز قابضین سے واگزار کرایا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








