کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس مقابلے، 8 زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس نے مختلف مبینہ مقابلوں کے دوران 8 زخمیوں سمیت 12 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق سائٹ سپرہائی وے تھانے کی ٹیم نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے عقب میں فقیرا گوٹھ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عزت اللہ کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، ایک موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے خمیسہ گوٹھ جی 23 بس اسٹاپ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فرمان عرف فیمو خادم حسین کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

میمن گوٹھ پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مائی نیانی مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 4 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزمان کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت 22 سالہ نذر محمد ولد نادر خان اور 25 سالہ مہتاب ولد نیاز حسین کے نام سے ہوئی، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان کامران اور بلال ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 3 پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

درخشاں پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سی ویو بخاری روڈ کے عقب میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا، جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد اقبال ولد تاج محمد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

شاہ لطیف پولیس نے جمعرات کی صبح سیکٹر 16 بی ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی ملزمان کو گرفتار کیا۔ دونوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 30 سالہ علی گل ولد مراد اور 45 سالہ غلام محمد ولد شہزاد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے دو پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

گلشن معمار پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ناردرن بائی پاس، ایم ڈی کٹ گوہر ولاز کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان ملیر پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 24 سالہ سلیم ولد غلام قادر کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق بدھ کی شب بھی گلشن معمار پولیس نے اسی مقام پر ایک اور مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 مبینہ ڈاکوؤں کی گرفتاری ظاہر کی تھی، جس کے حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے اعلامیہ بھی جاری کیا تھا۔ موجودہ مبینہ مقابلے کے بارے میں بھی ترجمان کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ دیگر دو گرفتار ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی نشاندہی پر ایک مقام سے پھینکا گیا پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔

Related Posts