کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے 2 ٹریفک حادثات میں ایک نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حادثات مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آئے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں خیبر چوک کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ چھیپا کے رضاکار لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 17 سالہ عبدالرحمٰن کے نام سے ہوئی، جو راہگیر تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا۔
دوسری جانب سپر ہائی وے پر پنجاب بس اڈے کے قریب بدھ کی شب تقریباً 11 بجے ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا شخص دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی، تاہم اس کی عمر تقریباً 35 سال بتائی جاتی ہے۔ وہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اور حادثہ ایک نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ٹریفک حادثات پر مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








