خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مصروف کاروباری مرکز خیبر سپر مارکیٹ میں پولیس کی وردی کا رعب جمانے کا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر معمولی بات پر ایک غریب صفائی کرنے والے (سوئپر) کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
اطلاعات اور وائرل ویڈیو کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شخص ایک پلازے کی صفائی میں مصروف تھا اور صفائی کے دوران پانی سڑک کی طرف بہہ گیا۔ سڑک پر پانی آنے پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار طیش میں آ گیا اور آپے سے باہر ہو گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر قانون کا رکھوالا کہلانے والا یہ اہلکار کس طرح معصوم سوئپر کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹ رہا ہے اور اسے دھکے دے رہا ہے۔
اعلیٰ حکام کا نوٹس اور کارروائی کا وعدہ
ویڈیو منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا جس کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے اور غیر اخلاقی فعل کی مکمل انکوائری کی جائے گی۔ محکمہ پولیس کا عزم ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے اور وردی کا غلط استعمال کرنے والے متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت ترین محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے رویوں کی روک تھام کی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








