اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے درمیان ٹوئٹر پر لفظی جنگ شروع ہو گئی۔مریم اورنگزیب نے تنقید کی جس کا فواد چوہدری نے جواب دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے تحریکِ انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غریب انسان کہاں جائے، حکومت نے متوسط طبقے کے بجٹ پر بہت برا اثر ڈالا ہے۔
تحریکِ انصاف پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ غریب لوگ بھوک اور تنگدستی کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اس حقیقت کا ادراک کرنے کے لیے کب جاگیں گے؟
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ آسٹریلیا سے اور آپ کی قیادت لندن سے واپس تشریف لے آئے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ متوسط طبقے کے غم میں آپ لوگ جتنے بے حال ہیں، عوام کو معلوم ہے اور مہنگائی کی وجہ بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا اور ملک سے ڈالر باہر منتقل کردئیے۔ معاشی عدم استحکام سے نکلنا اہم بات ہے، لیکن آپ یہ سبق نہ پڑھائیں۔
https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1218810414777192448
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں بلکہ وسائل کی تقسیم کا ہے۔
ٹوئٹر پر دو روز قبل اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کو جو صوابدید فنڈز دئیے جاتے ہیں وہ آئین کے آرٹیکل اے 140 کی خلاف ورزی ہے۔
مزید پڑھیں: مسئلہ وسائل کی تقسیم کا ہے۔وفاقی وزیر فواد چوہدری