لاہور: مشہورومعروف اداکارہ وینا ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ متنازعہ عالمِ دین مفتی قوی تمام اداکاراؤں پر خفیہ طور پر نظر رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اداکارہ وینا ملک ایک پوڈ کاسٹ میں مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئیں اور اپنی ذاتی زندگی اور شوبز کیرئیر سمیت بہت سے موضوعات پر کھل کر بات چیت کی۔
پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ وینا ملک نے کہا کہ میں نے بھارتی رئیلٹی ٹی وی شو بگ باس میں شرکت کے تجربے سے بہت لطف اٹھایا، حالانکہ اس کے نتیجے میں مجھے دھمکیاں بھی دی گئیں۔
گفتگو کے دوران اداکارہ وینا ملک نے وضاحت کی کہ شو میں شرکت کیلئے لازمی طور پر ایک تحریری معاہدہ کیا جاتا ہے جس میں سب کچھ واضح ہوتا ہے۔ بگ باس کے گھر کے اندر 56 اور باہر بھی اتنے ہی کیمرے ہرلمحہ ریکارڈنگ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالقوی نے بگ باس میں میری شرکت پر تنقید کی تھی، مفتی قوی کو یہ کیسے پتہ چلا کہ میرے ساتھ کیا ہوا تھا؟میزبان نے پوچھا کہ کیا مفتی قوی نے یہ سوال کیا تھا کہ آپ اپنے بچوں کے ساتھ بگ باس دیکھ سکتی ہیں یا نہیں؟
اداکارہ وینا ملک کا کہنا تھا کہ میرے بچے میری زندگی سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور میرے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں۔ وہ بگ باس سمیت سب کچھ میرے ساتھ دیکھتے ہیں۔