کوئٹہ: بلوچستان میں پاک ایران سرحد پر واقع چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر نے جامِ شہادت نوش کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک ایران سرحد پر واقع سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے لانس نائیک شہید ہوگئے۔
شمالی وزیرستان میں آرمی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 2جوان شہید
وزیرستان میں دہشتگردوں کا فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، سپاہی شہید
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے عبدوئی سیکٹر میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے بے جگری سے لڑتے ہوئے لانس نائیک ظہیر احمد نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور ملک کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، فوجی جوان دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا تھا۔
شعبہ تعلقات عامہ، پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشتگردوں کی جا نب سے پاک فوج کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔