نیدر لینڈز کی ملکہ میکسیما پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ چکی ہیں جہاں وزارتِ خارجہ اور نیدر لینڈز سفارت خانہ حکام نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی نمائندۂ خصوصی کے طور پر پاکستان آنے والی ملکہ میکسیما کے ساتھ 6 رکنی وفد ہے جبکہ وہ 3 روزہ دورے کے دوران ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔
ملکہ میکسیما اسلام آباد میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ عوامی و نجی شعبہ جات کے شراکت داروں سے ملاقات کریں گی۔
ملکۂ نیدر لینڈز کو آج اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے منصوبے مائیکرو پے منٹ گیٹ وے کی آج ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان انو ویٹو فورم کی تقریب میں بھی شریک ہوں گی۔
یاد رہے کہ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نیدر لینڈز کی ملکہ میکسما 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کے دورے پر ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی کہ ملکہ میکسما اقوام متحدہ کی نمائندۂ خصوصی کے طور پر پاکستان کا دورہ کریں گی ۔
ترجمان نے بتایاکہ ملکہ میکسما دورہ پاکستان میں عوامی اور نجی شعبوں کے متعدد شراکت داروں سے بھی ملاقاتیں کریں گی جبکہ ملکہ میکسما بطور نمائندہ انکلوسیو فننانس فار ڈیویلپمنٹ یہ دورہ کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: نیدر لینڈز کی ملکہ میکسما کا 3 روزہ دورۂ پاکستان