کراچی: پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما) کے چیئرمین ثاقب نسیم،وائس چیئرمین برائے سندھ بلوچستان ریجن محمد جنید تیلی پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ ملک کے بہتر معاشی، صنعتی اور عوامی مفاد میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے۔
پائما رہنماؤں نے ایک بیان میں کہاکہ کورونا وبا سے پیدا ہونے والی سنگین معاشی صورتحال کے باوجود حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم حد سے زیادہ اضافے سے تاجروصنعتکار برادری میں گہری تشویش پائی جارہی ہے۔
کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہونے کی علامت ہے بلکہ کاروبار وصنعت کی پیدواری لاگت میں بھی بے پناہ اضافہ ہو جائے گا باالخصوص صنعتوں کا خام مال جس کی قیمتیں پہلے ہی آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔
اب حکومت کے حالیہ اقدام سے ناقابل برداشت حد تک بڑھ جائیں گی جس کے نتیجے میں صنعتیں خاص طور پر ایس ایم ایز تباہ ہوجائیں گی اور ملک میں بے روزگاری بھی بڑھے گی۔
ثاقب نسیم، جنید تیلی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ کاروبار کرنے اور صنعتیں چلانے کو آسان بنایا جاسکے۔
انہوں نے وزیراعظم سے یہ درخواست بھی کی کہ وہ ملکی معاشی حالات کا ازسر نو جائزہ لیں اور اقتصادی ماہرین کو زمینی حقائق کے مطابق پالیسیاں مرتب کرنے کی ہدایت کریں تاکہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور خوشحالی لانے کے اقدامات عمل میں لائے جاسکیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے تعمیراتی شعبے کومزید سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا