میانوالی: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو لندن روانگی کے لیے جہاز پرچڑھتے دیکھا توحیران رہ گیا اورپھر ڈاکٹرز کی رپورٹ یاد آ گئی کہ یہ اتنی بیماریوں کے باوجود بھی یہ مریض ایک دم کیسے ٹھیک ہوگیا، نواز شریف کو لندن کی ہوا لگی یا صرف جہاز دیکھ کر ہی ٹھیک ہوگئے۔
وزیراعظم عمران خان کا میانوالی میں اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ2018 کے بعد جب پاکستان ملا تو دو بڑے مسئلے تھے، ہمیں تاریخی خسارہ ملا، بجلی میں ساڑھے 1200 ارب کا گردشی خسارہ ملا، ن لیگ گیس میں 154 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئی۔ کرنٹ اکاؤنٹ کا ساڑھے 19 ارب ڈالر کا خسارہ تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم امپورٹ زیادہ کررہے تھے اورایکسپورٹ کم کررہے تھے جس کے باعث ہمارے روپے کی قدرگرتی گئی تاہم پچھلے 4 ماہ میں ہمارا خسارہ کم ہوا جس کے باعث روپے کی قدرمیں اضافہ ہوا، ہمارا راستہ اب ٹھیک ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ 23 سال قبل جب سیاست شروع کی تو احساس ہوا کہ لوگوں کو سب سے زیادہ مشکل اسی بات کی ہوتی ہے کہ جب وہ بیمار ہوں تو اسپتال اور ڈاکٹرز نہ ہوں، مریضوں کو علاج کے لیے میانوالی سے لاہور اور راولپنڈی جانا پڑتا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی رپورٹ میں 15 بیماریاں بتائی گئی تھیں،جب نوازشریف کو لندن روانگی کے لیے جہازپرچڑھتے دیکھا توحیران رہ گیا کہ اتنی بیماریوں کے باوجود بھی یہ مریض ایک دم کیسے ٹھیک ہوگیا۔ اس مریض کی توکڈنی بھی خراب ہے، شوگر بھی بڑھی ہوئی ہے، نواز شریف کو لندن کی ہوا لگی یا صرف جہاز دیکھ کر ہی ٹھیک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت بحال ہونے میں کچھ مہینے لگیں گے۔ذاتی معالج