کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ نیوی قومی مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جبکہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء کی قربانیوں کی یاد دِلاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یومِ بحریہ کے موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کا دن ہے جبکہ یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے۔
آپریشن دوارکا کا ذکر کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ یہ عظیم آپریشن ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے۔پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔
اپنے پیغام میں امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہوں میں مقید رکھا۔آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے اور عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی ممکن بناتی ہے۔
امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تناظر میں پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں میں اہم کردار نبھانے کیلئے تیارہے۔
نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ سمندری سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی میری ٹائم سیکٹر اور بلیواکانومی کے فوائد ملک و قوم تک پہنچانے کیلئے بھی پرعزم ہے۔ پاکستان نیوی سمندری تحقیق میں تعاون کے علاوہ سمندر میں ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش کیلئے مدد فراہم کر رہی ہے۔
چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ آج کے دن پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کےخون کے آخری قطرے تک مادرِ وطن کا دفاع کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان بھر میں پاک بحریہ کا قومی دن آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جس کا مقصد سن 1965ء کی جنگ میں پاکستان نیوی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
ہر سال 8 ستمبر کو ملک کی بری و فضائی افواج کے ساتھ دشمن کے دانت کھٹے کرنے والی پاکستان نیوی کے شاندار کارناموں کی یاد میں قومی یومِ بحریہ منایا جاتا ہے۔ سن 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں پاک بحریہ کا قومی دن آج منایا جارہا ہے