شوخ و شگفتہ جملوں سے بھرپور سٹ کام فرینڈز ری یونین کی پرومو ویڈیو میں میتھیو پیری کی انٹری سے مداحوں میں معروف اداکار کی صحت سے متعلق تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ اداکار میتھیو پیری کی فرینڈز ری یونین کے پرومو میں آمد کے بعد ویڈیو میں ان کی بظاہر غیر واضح گفتگو اور آہستگی سے بات کرنے کا انداز تشویش کی نظر سے دیکھا گیا۔
سٹ کام فرینڈز ری یونین کی مکمل قسط 27 مئی کو ریلیز کی جائے گی جس کا 2 منٹ پر مشتمل پرومو ریلیز کردیا گیا جس میں میتھیو پیری اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ دوبارہ مل بیٹھنے کے متعلق بات چیت کرتے نظر آئے۔
فرینڈز ری یونین میں جینیفر آنسٹن، کرٹنی کاکس، ڈیوڈ شوئمر، لیزا کڈرو اور میٹ لیبلانک بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ میتھیو پیری جب اپنے اعزازات کے متعلق گفتگو کرتے نظر آئے تو مداحوں نے ان کے انداز میں غیر معمولی آہستگی محسوس کی۔
گفتگو کے دوران میتھیو پیری نے کہا کہ میں نے بسکٹس کا جار چوری کر لیا تھا جس پر گھڑی بنی ہوئی تھی جس کے دوران وہ چوری کا لفظ غلط تلفظ سے ادا کر گئے جس پر مداحوں نے ان کی صحت سے متعلق اظہارِ تشویش شروع کردیا۔
ایک مداح نے لکھا کہ ہم نے انٹرویو دیکھا اور میتھیو پیری اس میں تندرست نظر نہیں آئے جس کے باعث میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔دوسرے مداح نے کہا کہ انہیں اس طرح دیکھ کر مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے۔ وہ بہت آہستگی سے بات چیت کر رہے تھے۔
تیسرے مداح نے گفتگو میں حصہ ملاتے ہوئے کہا کہ یہ کہنے سے نفرت محسوس کرتا ہوں لیکن مجھے افسوس ہے اور میں میتھیو پیری کے متعلق بہت ڈرا ہوا ہوں۔ دیگر مداحوں نے بھی میتھیو پیری کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکی سٹ کام سیریز فرینڈز ری یونین کا دلچسپ ٹریلر ریلیز کردیا گیا جس میں جینیفر آنسٹن اور کرٹنی کاکس سمیت متعدد فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے، مداحوں کی اکثریت نے ٹریلر کی ریلیز پر خوشی کا اظہار کیا۔
معروف سٹ کام فرینڈز ری یونین میں لیزا کڈرو، میٹ لیبلانک، میتھیو پیری اور ڈیوڈ شوئمر کے علاوہ دیگر فنکار اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ ٹریلر 3 روز قبل ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یو ٹیوب پر ریلیز کیا گیا۔
مزید پڑھیں: مزاحیہ جملوں سے بھرپور فرینڈز ری یونین کا ٹریلر ریلیز، مداحوں کا اظہارِ مسرت