کوئٹہ: گڈانی میں تحفظِ ماحولیات بلوچستان نے مشتبہ بحری جہاز کی خطرناک کیمیکل کے ساتھ آمد کے بعد شپ بریکنگ کے عمل پر پابندی عائد کردی جبکہ واقعے پر تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشتبہ بحری جہاز کی شپ بریکنگ (پرزے الگ کرنے) پر پابندی گزشتہ روز عائد کی گئی۔ صوبائی اداروں کو شبہ ہے کہ جہاز میں خطرناک مواد (پارہ ملا تیل) موجود ہے۔
صوبائی اداروں نے جہاز کی لنگر اندازی کے مقام کو سیل کردیا۔ جہاز کے موجودہ مالکان نے حکام کے اس شبے کی تردید کی کہ تیل کے ساتھ پارہ بھی شامل ہے جبکہ اس حوالے سے عالمی سیکیورٹی ادارے نے پاکستان کو اطلاع دی تھی۔
سیکیورٹی ادارے انٹر پول نے ایک خط میں حکومتِ پاکستان کو آگاہ کیا کہ ایک بحری جہاز میں مرکری سے آلودہ خام تیل موجود ہےجبکہ یہ جہاز گڈانی میں بریکنگ کے عمل سے گزرے گا جس سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی۔
عالمی ادارے انٹرپول کے تحریر کردہ خط کے مطابق تیل بردار جہاز ایف ایس اورڈئینٹ پہلے ہی انٹرپول کی نظر میں تھا جسے یہ علم ہے کہ جہاز میں 1 ہزار 500 ٹن مرکری ملا تیل موجود ہے جسے ٹھکانے لگایا جانا چاہئے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا کہنا ہے کہ مشتبہ جہاز پر تحقیقات جاری ہیں، واقعے کی تفتیش کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے ذمے جہاز کو لنگر ہونے کی اجازت دینے میں ملوث افراد کا پتہ چلانا شامل ہے۔
تشویشناک بات یہ ہے کہ جہاز لنگر ہونے کے 20 روز بعد گودی سیل کی گئی۔ ڈی سی لسبیلہ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ اور سفارشات جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ گودی نمبر 60 گزشتہ روز صبح کے وقت سیل کی گئی تھی۔
محکمۂ ماحولیات بلوچستان کے مطابق وفاقی وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی نے ہمیں آگاہ کیا تھا کہ بحری جہاز میں مرکزی موجود ہوسکتا ہے۔ اگلے روز جہاز پاکستان آیا اور بدھ کے روز ہی بریکنگ پر پابندی عائد کی گئی۔ ہم نے فوری طور پر گودی سیل کی۔
تحقیقات کے مقصد کے تحت خام تیل کا نمونہ لیبارٹری روانہ کیا جاچکا ہے جس میں مرکزی کی تصدیق کی صورت میں شپ بریکر کمپنی کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا جس کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پارہ (مرکری) قانونی تقاضے پورے کیے بغیر لانا غیر قانونی ہے تاہم وفاقی ادارے ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ اگر مرکری کی موجودگی کا شبہ تھا تو جہاز کو پاکستانی کی حدود میں داخل ہی کیوں ہونے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سلنڈر دھماکہ، چھت گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق