قطر میں جاری فٹبال کے میگا ایونٹ میں مسلم ملک مراکش نے اپنی شاندار کارگردگی سے ساری دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں مراکش نے دفاعی چیمپئن فرانس کا سامنا کیا جس میں اپنی پوری کوشش کے باوجود مراکش ایک گول بھی نہیں کرسکی اور فرانس نے انھیں 2 گول سے شکست دے کر فائل کیلئے مسلسل دوسری مرتبہ کوالیفائی کرلیا۔
آیئے فیفا ورلڈکپ میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے مسلم ملک مراکش کے بارے میں دلچسپ حقائق جانتے ہیں:
مختلف ثقافتوں کے رنگ
مراکش میں مختلف ثقافتی رنگ نظر آتے ہیں، یہاں پر کئی نسل اور مذہب کے لوگ رہتے ہیں۔ مراکش کی دو سرکاری زبانیں ہیں ایک عربی اور دوسری بربر جبکہ مراکش کے ایک تہائی باشندے فرانسیسی زبان کا بھی استعمال کرتے ہیں اور اسکولوں میں بھی اس کی باقاعدہ تعلیم دی جاتی ہے۔
حیرت انگیز فن تعمیر کا گھر
مراکش کو حیرت انگیز فن تعمیر کا گھر کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا، یہاں کی گلیاں خوبصورت رنگوں سے رنگی ہوئی ہیں جبکہ مساجد اور مختلف تاریخی عمارات بھی دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔
خوبصورت ساحلی مقامات
بحر اوقیانوس اور بحیرہ روم سے متصل، مراکش کا 1930 کلومیٹر کا ساحل دنیا کے بہترین ساحلوں سے مزین ہے۔
خطرناک ریزورٹ
مراکش اٹلس اور رف دونوں سلسلے میں اپنے پہاڑی خطوں کی وجہ سے بہت سی متاثر کن بلندیوں کی سرزمین ہے۔ اِن بلند و بالا چوٹیوں میں سے ایک پر، آپ کو اوکیمیڈن ملے گا، جو افریقہ کا سب سے اونچا ریزورٹ ہے۔
بلیوں کا ملک
مراکش کو بلیوں کا ملک بھی کہا جاتا ہے، یہاں کی ہر گلی میں آپ کو بڑی تعداد میں آوارہ بلیاں نظرآئینگی۔
مسلم اکثریت
مراکش کا بنیادی مذہب اسلام ہے، ملک کی تقریباََ 90 فیصد آبادی مسلمانوں کی ہے، یہاں پر یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ مراکش کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ مسلم ممالک میں ہوتا ہے۔
رنگ برنگے رنگوں کی سرزمین
مراکش کو رنگ برنگے رنگوں کی سرزمین کہا جاتا ہے، یہاں کے رنگ کافی مشہور ہیں اور انھیں دیگر ممالک میں بھی فروخت کیا جاتا ہے۔
سیاحت اور مراکش
دنیا بھر سے تقریباََ 10 لاکھ سیاح ہرسال مراکش کا سفر کرتے ہیں جن میں یورپ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔