امریکی سٹ کام سیریز فرینڈز ری یونین کا دلچسپ اور مزاحیہ ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں جینیفر آنسٹن اور کرٹنی کاکس سمیت متعدد فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے، مداحوں کی اکثریت نے ٹریلر کی ریلیز پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرینڈز ری یونین میں لیزا کڈرو، میٹ لیبلانک، میتھیو پیری اور ڈیوڈ شوئمر کے علاوہ دیگر فنکار اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ ٹریلر گزشتہ روز ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یو ٹیوب پر ریلیز کیا گیا۔
یو ٹیوب پر ریلیز کیے گئے ٹریلر میں اداکارہ لیزا کو دکھایا گیا جو وارنر بروس کے اس تاریخی سیٹ میں قدم رکھتی ہیں جہاں سیریز کو 10 برس تک فلمایا گیا۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے یوٹیوب پر ٹریلر دیکھتے ہی تبصروں کے ڈھیر لگا دئیے۔
معروف سٹ کام فرینڈز میں جنیفر آنسٹن نے ریچل کا کردار ادا کیا ہے۔ مونیکا کا کردار کرٹنی کاکس نے ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مونیکا پوری کوشش کرتی ہے کہ دنیا کی تمام ماؤں سے آگے نکل جائے جس کی حرکتیں پریشان کن ثابت ہوسکتی ہیں۔
لیزا کڈرو کا کہنا ہے کہ فوئبی امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں مائیک اور اپنے بچوں کے ہمراہ رہتی ہے اور وہ اسکول کے آرٹس پروگرام کی سربراہ ہے یا پھر اپنے بچوں کی کیونکہ وہ بھی اپنی ماں کی طرح مختلف سوچ کے مالک ہیں۔
اداکار میتھیو پیری نے کہا کہ چانڈلر ایک اچھا باپ اور اچھا مزاح نگار ثابت ہوگا۔ میٹ لیبلانک نے کہا کہ جوئے نے سینڈوچ شاپس کی ایک چین کھول لی ہے اور تمام سینڈوچ خود ہی کھا لیے۔
ایچ بی او میکس نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ خصوصی سٹ کام میں مہمان ستارے بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ فرینڈز ری یونین میں کرسٹیانہ پکلز، جیمز مائیکل ٹیلر، ریز ودرزپون، ملالہ یوسفزئی، بی ٹی ایس بینڈ، لیڈی گاگا اور دیگر ستارے بھی پرفارم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد خان برطانیہ میں کیفے چائے والا کی نئی شاخ کھولنے کیلئے تیار