سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کی نامزدگی پر تحریکِ انصاف سندھ میں اختلافات پیدا ہوگئے جنہیں ختم کرانے کیلئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کراچی پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی اور سندھ کے عہدیداران کو فیصل واؤڈا اور سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ دئیے جانے پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں جنہیں ختم کرانے کا ٹاسک وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو تفویض کیا گیا ہے۔
آج وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اچانک کراچی پہنچ گئے۔ شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ اختلافات ختم کرائے جاسکیں۔ فیصل واڈا اور سیف اللہ ابڑو کے نام پر سندھ میں شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔
باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی پہنچے ہیں۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی سندھ کے عہدیداران نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سینیٹ امیدواروں کی نامزدگی پر خط لکھا تھا۔
پی ٹی آئی سندھ کے امیدواروں کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ ہمیں سینیٹ کے امیدواروں کے نام پر مایوسی ہوئی ہے۔ ہم ملاقات کرکے امیدواروں کے نام بتائیں گے۔ سینیٹ کی جنرل سیٹ پر امیدوار اندرونِ سندھ سے ہونا چاہئے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ فیصل واؤڈا کو بھی سینیٹ کا امیدوار نہیں ہونا چاہئے۔ اگر فیصل واؤڈا نااہل ہو گئے تو سیٹ خطرے میں پڑ جائے گی جبکہ ٹیکنو کریٹ کیلئے جس امیدوار کا نام دیا گیا، اس پر نیب کے کیسز ہیں۔
متن کے مطابق ٹیکنو کریٹ کے امیدوار کو پارٹی میں مشکل سے 2 سال ہوئے ہیں۔ ٹیکنوکریٹ کے امیدوار کو پارٹی میں اے ٹی ایم کہا جاتا ہے۔ ہم وزیرِ اعظم سے آج ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے 100 سے زائد امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادئیے، امیدواروں کی ابتدائی فہرست کل 16 فروری کو جاری کی جائے گی۔
سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔ ملک بھر میں سینیٹر بننے کے خواہشمند 100 سے زائد امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دئیے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات: امیدواروں کی ابتدائی فہرست کل جاری ہوگی