کراچی کی سپر ہائی وے پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 1 میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی۔ سکیورٹی عملے نے جوابی کارروائی کے بعد 1 زخمی سمیت 2 ڈاکو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردئیے۔
خوشاب میں شہری کی ڈاکوؤں کو کار سے ٹکر، 3ملزمان ہلاک
لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 1 سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوا۔ سکیورٹی کے دیگر عملے نے جوابی فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق سکیورٹی گارڈ کی شناخت 28 سالہ اقرار ولد مختار کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی سکیورٹی گارڈ 45 سالہ امتیاز علی ولد محمد حنیف ہیں۔
زخمی ڈاکو کی شناخت محمد احمد ولد روشن جبکہ دوسرے گرفتار ڈاکو کی شناخت عظمت اللہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خوشاب میں ڈکیتی کے بعد شہری نے ڈاکوؤں کو اپنی کار سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 2 بھائیوں سمیت 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔
پنجاب کے شہر خوشاب میں 3 ڈاکوؤں نے کار سوار شخص کو اسلحہ دکھا کر لوٹ لیا۔ ملزمان نے متاثرہ شہری کا موبائل فون، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لیں، جس کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے تاہم شہری نے ان کا تعاقب کیا۔