کوئٹہ: بلوچستان حکومت ختم ہوگئی، وزیر اعلیٰ جام کمال کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے جس کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوگئی جبکہ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کو نیا وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری بلوچستان نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے استعفے کی منظوری کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل کیے جانے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت آج ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد واپس لے لی جائیگی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد صوبائی اسمبلی میں پیش
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ناراض اراکین اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کو وزارتِ اعلیٰ کا قلمدان سونپنے اور جان جمالی کو نیا اسپیکر منتخب کرنے کیلئے تیار ہو گئے۔ اسمبلی اجلاس کے بعد اسپیکر عبدالقدوس بزنجو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ جان جمالی نئے اسپیکر منتخب ہوں گے۔
نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے جان جمالی کی زیر صدارت نیا اسمبلی اجلاس ہوگا۔ عبدالقدوس بزنجو نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تحریکِ عدم اعتماد میں ناراض اراکین کے نمبر پورے ہونے پر عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سیاسی بحران اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
کچھ روز قبل بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بی اے پی کے ناراض اراکین اور اپوزیشن نے تحریکِ عدم اعتماد پیش کی جبکہ 65 رکنی اسمبلی کے 33 اراکین نے جام کمال کے خلاف ووٹ دے کر اپنی اکثریت واضح کی جس کے بعد تحریکِ عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہونا تھی تاہم وزیر اعلیٰ نے رائے شماری سے قبل استعفیٰ دے دیا۔