وفاقی دارالحکومت میں نیو اسلام آباد ائیر پورٹ آنے والی گاڑی سے 21 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے جس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے کار پارکنگ میں ائیرپورٹ داخل ہونے والی گاڑی سے 21 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کی۔
اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور محمد امین کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے جسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کو منشیات سمیت مزید تحقیقات کیلئے اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل راولپنڈی پولیس نے انسدادِ منشیات مہم شروع کی جس کے دوران بھاری مقدار میں چرس، ہیروئن اور شراب برآمد ہوئی جبکہ 95 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس کی ہدایت پر نومبر کے آغاز میں منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی جس کے دوران راولپنڈی پولیس نے 2 روز میں 95 منشیات فروش گرفتار کیے جبکہ 51 کلو سے زائد چرس بھی برآمد کی۔
مزید پڑھیں: انسدادِ منشیات مہم، چرس، ہیروئن اور شراب برآمد، 95 ملزمان گرفتار