دہرا معیار کیوں؟ پاکستان کو گالیاں دینے اور لعنت بھیجنے والا اب تک گرفتار نہ ہوسکا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

سوشل میڈیا پر ایک شخص کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر سڑک بند ہونے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کا نام عابد ڈوگر بتایا جا رہا ہے اور وہ اسلام آباد کا رہائشی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راستہ بند ہونے پر مذکورہ شخص مشتعل ہوگیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اطراف کی ایک سڑک پر ٹریفک رواں دواں ہے جبکہ متبادل راستہ بھی موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم مذکورہ شخص مسلسل غصے کا اظہار کرتا اور پاکستان کے خلاف نازیبا کلمات کہتا نظر آتا ہے۔

ویڈیو میں وہ متعدد مرتبہ پاکستان پر لعنت بھیجنے کے الفاظ بھی استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے۔ اسی دوران ایک پولیس اہلکار سے گفتگو کے دوران مذکورہ شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ سالانہ 50 لاکھ روپے ٹیکس ادا کرتا ہے جس پر پولیس اہلکار نے جواب دیا کہ ٹیکس دیگر شہری بھی ادا کرتے ہیں۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ صارفین نے متعلقہ اداروں سے واقعے کا نوٹس لینے اور ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ احتجاج یا راستوں کی بندش پر غصہ اپنی جگہ تاہم کسی بھی شہری کی جانب سے ملک اور عوام کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر ویڈیو میں موجود شخص کے خلاف قانون کی خلاف ورزی ثابت ہوتی ہے تو متعلقہ ادارے اس معاملے پر کب کارروائی کریں گے تاہم واقعے کے حوالے سے پولیس یا دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا۔

Related Posts